چنئی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے کہا کہ دو جنوبی ریاستوں میں 31 مقامات پر ہفتہ کو چھاپوں کے دوران ہندوستانی اور غیر ملکی کرنسیوں کے ساتھ ساتھ مقامی اور عربی زبانوں میں قابل اعتراض کتابوں کے کئی ڈیجیٹل آلات اور دستاویزات ضبط کئے گئے۔ یہ چھاپے تمل ناڈو اور تلنگانہ میں آئی ایس آئی ایس کی بھرتی مہم کو ناکام بنانے کے لیے مارے گئے، این آئی اے کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کی بنیاد پرستی اور بھرتی مہم اور منصوبوں پر ایک بڑی کارروائی میں، دو جنوبی ریاستوں میں 31 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور ہندوستانی اور غیر ملکی کرنسی کے ساتھ متعدد ڈیجیٹل آلات اور دستاویزات ضبط کئے گئے۔
انسداد دہشت گردی ایجنسی تمل ناڈو اور تلنگانہ میں چھاپوں کے دوران ضبط کیے گئے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ہارڈ ڈسک میں موجود ڈیٹا کی جانچ کر رہی ہے۔ تلاشی کے دوران ہندوستانی کرنسی میں 60 لاکھ روپے اور امریکی ڈالر 18,200 کے ساتھ ساتھ مقامی اور عربی زبانوں میں کئی قابل اعتراض کتابیں بھی ضبط کی گئیں۔ این آئی اے کی ٹیموں نے تمل ناڈو آئی ایس آئی ایس کی بنیاد پرستی اور بھرتی معاملہ میں مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے، کوئمبٹور میں 22 مقامات پر، تین چنئی میں اور تمل ناڈو کے تینکاسی ضلع کے کدیانالور میں ایک اور ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد/سائبر آباد میں دیگر پانچ مقامات پر چھاپے مارے۔
این آئی اے چنئی نے اس سلسلے میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا ہے، جو معصوم نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے کے لیے افراد کے ایک گروپ کی خفیہ کاروائیوں سے متعلق ہے۔ ان کے علاقائی مطالعاتی مراکز کے ذریعے عربی زبان کی کلاسز کے انعقاد کی آڑ میں بنیاد پرستی کی جا رہی تھی۔ اس طرح کی بنیاد پرست سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور موبائل ایپلی کیشنز جیسے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام کے ذریعے آن لائن پھیلایا جا رہا تھا۔ این آئی اے کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آئی ایس آئی ایس سے متاثر ایجنٹ خلافت کے نظریے کی تشہیر میں مصروف تھے، جو ہندوستان کے آئینی طور پر قائم کردہ سیکولرازم اور جمہوریت کے اصولوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
مزید پڑھیں: NIA Released Arrested Persons بھوپال میں این آئی اے نے گرفتار افراد کو تفتیش کے بعد رہا کردیا
این آئی اے نے کہا کہ ملوث افراد کے گروپ نے نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے اور بھرتی کرنے کی سازش کی تھی، جو بعد میں دہشت گرد اور غیر قانونی کارروائیوں اور سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔ آئی ایس آئی ایس کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے، این آئی اے کی ٹھوس کوششوں کے ایک حصے کے طور پر کیس کی تحقیقات جاری ہے، جو ملک میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درہم برہم کرنے اور خراب کرنے کے وسیع مقصد کے ساتھ ملک میں دہشت پھیلانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ (یواین آئی)