دیواس:مدھیہ پردیش کے کئی شہروں میں فلم پٹھان کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ بدھ کی دوپہر اجین روڈ پر واقع ابھینو تھیٹر میں ہندو تنظیموں نے احتجاج کیا۔ اس دوران انہوں نے خوب نعرے بازی ہے۔ اس کے ساتھ ان لوگوں نے بعض مقامات پر توڑ پھوڑ بھی کی۔ نعرے لگاتے ہوئے ان لوگوں نے تھیٹر کا پردہ بھی پھاڑ دیا اور احاطے میں رکھا گملے کو توڑ پھوڑ دیا۔ وہیں ہندو شدت پسند تنظیموں کی جانب سے اندور میں بھی فلم کی مخالفت میں مبینہ طور پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی، جس کی مسلمانوں نے مخالفت کی اور دیواس میں سینکڑوں مسلمانوں نے دیواس ایس پی شیو دیال سنگھ کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے مذہب مخالف نعرے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران نعرے بازی کے بعد مسلم کمیونٹی نے مذہب مخالف نعرے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر نماز کے بعد ایس پی آفس کے سامنے جمع ہونے کی کال دی گئی۔ جس کے بعد مظاہرہ شروع ہوا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ احتجاج کے موقع پر سٹی پولیس اسٹیشن کے انچارج، اے ایس پی، سی ایس پی، ڈی ایس پی سمیت سینکڑوں پولیس نفری موجود تھی۔