ممبئی کے چور بازار میں اپنے ہاتھوں میں بینر لئے یہ وہ لوگ ہیں جو علاقے کی از سر نو تعمیر کرنے والی کمپنی ایس بی یو ٹی کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں۔ بینر میں جن دو لوگوں کے مظالم کی روداد بیان کی گئی ہے، ان کے نام مرتضیٰ علی اور مصطفیٰ کانڈی ہے۔ دراصل آج دوپہر میں محکمہ بی ایم سی اور پولیس کے لاؤ لشکر کے سائے میں یہاں موجود عبداللہ ہوٹل کے اطراف میں برسوں سے بسے مسلم دکانداروں کی انہدامی کارروائی شروع کردی۔ علاقے کے لوگ اس سے پہلے کچھ سمجھ پاتے، تب تک ان کی دکانیں مسمار ہوچکی تھیں۔
دکانداروں نے مظاہرے کیے جس کے بعد کچھ وقفے کے لئے یہ کارروائی روک دی گئی۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے دکانداروں نے اپنی آپ بیتی بتائی۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے یہاں چھوٹی چھوٹی دکانوں کے ذریعه ان کی روزی روٹی چل رہی ہے لیکن اس انہدامی کارروائی کے سبب ان کی روزی روٹی کے لالے پڑگئے۔