نئی دہلی: نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے اتوار کو کہا کہ پارلیمنٹ کو ہر لمحہ تعطل کا شکار کرنا مناسب نہیں ہے اور وقفہ سوالات نہیں ہونے کو کبھی بھی جائز نہیں ٹھہرایا جا سکتا یہاں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صد سالہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دھنکھڑ نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوری عمل کا ایک فطری حصہ ہے، لیکن اختلاف کو دشمنی میں بدلنا جمہوریت کے لیے لعنت سے کم نہیں ہے یہ 'احتجاج' 'انتقام' میں نہیں بدلنا چاہیے اور بات چیت اور بحث ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب بات چیت، بحث، غور و خوض اور بحث و مباحثہ ہے اور خلل اور گڑبڑی جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ جمہوریت میں بدامنی کو ہتھیار بنایا جا رہا ہے۔ جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے سب کے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے دھنکھڑ نے کہا کہ ہر سیکنڈ پارلیمنٹ کو تعطل کا شکار کرنے کا کوئی بہانہ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اس کی بھاری قیمت چکا رہے ہیں، جب کسی خاص دن پارلیمنٹ میں خلل پڑتا ہے تو وقفہ سوالات نہیں ہوتا، وقفہ سوالات حکمرانی میں احتساب اور شفافیت کا ایک طریقہ کار ہے، حکومت ہر سوال کا جواب دینے کی پابند ہے، جب آپ جمہوری اقدار اور گڈ گورننس کے حوالے سے سوچتے ہیں تو وقفہ سوالات کی عدم موجودگی کو کبھی بھی جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔