نئی دہلی، لوک سبھا نے عام بجٹ 2023-24 کو منظور کرنے کے عمل میں جمعرات کو تمام وزارتوں اور محکموں کی گرانٹ کے مطالبات اور اس سے متعلق اختصاصی بل کو بغیر بحث کے اپوزیشن کے شدید احتجاج کے درمیان صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔دو التوا کے بعد ایوان کا اجلاس تیسری بار شام چھ بجے ہوا۔ جیسے ہی اسپیکر مسٹر برلا نے ایجنڈے کے مطابق گرانٹس کے مطالبات کو منظور کرنے کا عمل شروع کیا، اپوزیشن ارکان کرسی کے سامنے جمع ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔
اپوزیشن اراکین کے نعرے بازی کے درمیان اوم برلا نے گرانٹس کے مطالبات کی وزارت وار فہرست پڑھنا شروع کیا۔ نعرے بازی کے درمیان انہوں نے گرانٹس کی منظوری کے مطالبات ایوان میں پیش کئے۔ اس کے بعد انہوں نے وزیر خزانہ سے اختصاصی بل پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر خزانہ نے اختصاصی بل 2023 پیش کیا جس پر ایوان نے شور شرابے کے درمیان شق وار صوتی ووٹ سے منظور کیا اور چند منٹوں میں اختصاصی بل منظور کر لیا گیا جس کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔سترہویں لوک سبھا میں یہ پہلا موقع ہے کہ بجٹ کے گرانٹس کے مطالبات کو بحث کے بغیر منظور کیا گیا ہے۔