علی گڑھ: عالمی شہرت یافتہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی تاریخی عمارت اسٹریچی ہال پر یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ یوم جمہوریہ کی تقریب کے بعد کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں این سی سی کیڈٹس 'بولوں بنسی مہاراج کی جے'، رادھا رانی کی جے اور 'بانکے بہاری کی جے' کے نعرے لگاتے ہوئے صاف دکھائی دے رہے ہیں۔ حالانکہ ابھی تک یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مذہبی نعرے لگانے والے طلباء کو معطل نہیں کیا گیا۔
اس پورے معاملے پر یونیورسٹی طلباء اور طلباء رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر یوم جمہوریہ پر اللہ اکبر کے نعرے لگانا غیر قانونی ہے تو بنسی مہاراج کا نعرہ لگانا بھی مذہبی نعرہ ہے۔ اس لیے ان طلباء کو بھی یونیورسٹی انتظامیہ معطل کرے، جنہوں نے بنسی مہاراج کی جے ہو کے نعرے لگائے ہیں، جن کی شناخت وائرل ویڈیو میں بآسانی کی جا سکتی ہے۔ یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے صحافیوں کو وائرل ویڈیو سے متعلق بتایا کہ یوم جمہوریہ تقریب کے بعد کی تمام ویڈیوز ہم نے اپنی جانچ کمیٹی کو دے دی ہیں۔ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائے گا، اس کے خلاف کروائی کی جائے گی۔