جامعہ ملیہ اسلامیہ میں 'آزادی کا امرت مہوتسو' کے حصے کے طور پر کوڈ۔19 کے رہنما خطوط پر عمل آوری کے ساتھ آج 75ویں یومِ آزادی جشن تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر نجمہ اختر، شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ڈاکٹر ایم۔اے۔انصاری آڈیٹوریم کے سبزہ زار پر قومی پرچم کی نقاب کشائی کی، کورونا وبا کے پیش نظر پروگرام میں یونیورسٹی کا تدریسی عملہ، غیر تدریسی عملہ اور محدود تعداد میں جامعہ اسکول کے طلبا نے شرکت کی۔ اس کے بعد پروگرام میں موجود لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ قومی ترانہ گایا۔
جامعہ میں 75ویں یومِ آزادی جشن تقریبات کا اہتمام جامعہ میں 75ویں یومِ آزادی جشن تقریبات کا اہتمام
پروفیسر مہتاب عالم ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر(ڈی ایس ڈبلیو) نے ڈاکٹر انصاری آڈیٹیوریم میں یوم آزادی کے جشن تقریبات میں شامل تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پروفیسر زاہد اشرف، صدر شعبہ بایو ٹکنالوجی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کو جامعہ ایوارڈ برائے تحقیقی افضلیت سے سرفراز کرتے ہوئے انھیں مبارک باد پیش کی۔
جامعہ میں 75ویں یومِ آزادی جشن تقریبات کا اہتمام
قابل ذکر ہے کہ اساتذہ کی تحقیقی خدمات کے اعتراف میں یونیورسٹی کی جانب سے اعزاز کا یہ سلسلہ پہلی مرتبہ شروع کیا گیا ہے۔ پروفیسر زا ہد کو سال 2021 کا ویزیٹر ایوارڈ مل چکا ہے۔ شیخ الجامعہ نے آٹھ نوجوان محققین کو بھی جامعہ ایوارڈ برائے تحقیقی افضلیت سے نوازتے ہوئے انھیں مبارک باد دی۔ یہ نوجوان محققین گزشتہ دو برسوں میں وزیر اعظم ریسرچ فیلوشپ (پی ایم آر ایف)سے سرفراز ہوچکے ہیں۔ 8 نوجوان محققین میں سے 7 طالبات ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ لڑکیوں کو بااختیار بنانے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اہم رول ادا کیا ہے۔
جامعہ میں 75ویں یومِ آزادی جشن تقریبات کا اہتمام
شیخ الجامعہ نے بیچلر آف آرکی ٹیکچر، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے چوتھے سال کے طالب علم کیف علی کو بھی مبارک باد پیش کی۔ کیف علی کو ان کی اہم اور غیر معمولی تحقیقی خدمات ’Covid- 19 Innovation Space Era"‘کے لیے مؤقر ڈیانا ایوارڈ 2021 سے نوازا گیا تھا۔
جامعہ میں 75ویں یومِ آزادی جشن تقریبات کا اہتمام
انھیں ان کی اسی غیر معمولی تحقیقی خدمت کے لیے ای اینڈ وائی کی مؤقر فیلوشپ سے بھی نوازا گیا تھا۔ مبارک باد کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد جامعہ اسکول کے طلبا نے حب الوطنی پر مبنی گیت، قوالی اور تقاریر پر مشتمل ثقافتی پروگرام پیش کیے۔
پروفیسر نجمہ اختر نے اپنی تقریر میں کہاکہ کوڈ۔19 کی دوسری لہر کے دوران یونیورسٹی سخت مشکلات کے دور سے گزری ہے کیوں کہ اس دوران میں کئی اسٹاف اراکین ہم سے جدا ہوکر مالک حقیقی سے جاملے لیکن پے درپے شکستوں کے باوجود علمی افضلیت کے حصول کے لیے یونیورسٹی نے خود کو اس بحران سے ابھارا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جامعہ کی جڑیں جدو جہد آزادی میں پیوست ہیں اور اس نے ملک کی تعمیر وترقی میں کامیابی سے اپنا بیش قیمت تعاون پیش کیا ہے۔
حال ہی میں مرکزی وزیر برائے تعلیم و فروغ مہارت جناب دھرمیندر پردھان سے اپنی ملاقات کاذکر کرتے ہوئے شیخ الجامعہ نے بتایا کہ وزیر موصوف نے انھیں اس بات کا یقین دلایا ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ ملک کا ایک ہنر کے فروغ کا اہم تربیتی مرکز بنے گا۔
ہائر ایجوکیشن فینانسنگ ایجنسی (ایچ ای ایف اے) کی مدد سے یونیورسٹی کیمپس میں بنیادی ڈھانچہ کے فروغ کے لیے وزارت تعلیم کی منظوری کے سلسلے میں بھی پروفیسر اختر نے بتایا۔
ڈاکٹر ناظم حسین الجعفری، مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اظہارِ تشکر کے ساتھ جشن آزادی تقریبات کا پروگرام اختتام پذیر ہوا۔