دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے سنندا پشکر موت کیس میں ششی تھرور کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔ خصوصی جج گیتانجلی گوئل نے یہ فیصلہ سنایا۔
ورچوئل سماعت کے دوران موجود ششی تھرور نے عدالت کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ انہوں ایک لیٹر جاری کرتے ہوئے جج گیتانجلی گوئل کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔
اس بیان میں ششی تھرور نے لکھا ہے کہ 'سنندا کے اچانک چلے جانے کے بعد لمبے وقت سے مجھے گھیرے ہوئے ایک ڈراؤنے خواب کا خاتمہ ہوا ہے۔ حقیقت میں انصاف کیا گیا ہے جس نے ہمارے پورے خاندان کو اب سکون سے سنندا کی موت کا ماتم منانے کا موقع دیا ہے'۔
گذشتہ 12 اپریل کو عدالت نے فریقین کے حتمی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ گذشتہ 26 مارچ کو اس معاملے کے ملزم اور کانگریس کے سینئر رہنما ششتی تھرور نے کہا تھا کہ جب خودکشی کا الزام ثابت ہی نہیں ہورہا ہے تو اکسانے کا الزام عائد کرنے کا کوئی مطلب نہیں بنتا۔
ششی تھرور کے وکیل وکاس پاہوا نے اس معاملے میں ششی تھرور کو بری کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ششی تھرور نے سنندا پشکر کو ذہنی یا جسمانی طور پر ہراساں نہیں کیا تھا۔