جمعیۃ علماء ہند کی عرضی پر جج نے کہا کہ اقتدار کی زیادتی سے لوگوں کو بچانا عدالت کی ذمہ داری ہے۔ شمال مشرقی دہلی فساد میں جھوٹے الزامات میں گرفتار تبسم جس کے دو دو چھوٹے بچے ہیں کو بالآخر دس ماہ بعد ضمانت مل گئی۔ جج سبرامنیم پرساد نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کورٹ کا یہ آئینی فریضہ ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سرکار کی زیادتی کی وجہ سے کسی فرد کی آزادی متاثر نہ ہو۔
انھوں نے کہا کہ ضمانت اصل ہے اور قید کرنا استثنائی امر ہے، عدالتوں کو اپنے دائرہ اثر کو استعمال کرتے ہوئے شخصی آزادی کو بحال کرنا چاہیے، سپریم کورٹ نے بارہا اس پر زور دیا ہے کہ عدالتوں کو دو پہلوؤں پر بیداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اول یہ کہ وہ فوجداری قانون کے مناسب نفاذ کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ قانون کسی کو ہراساں کرنے کا ٹول نہ بن جائے۔
جج نے تبسم کے مقدمہ کے سلسلے میں مذکورہ تاثر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ دس ماہ سے جیل میں بند ہے، اس کے سلسلے میں ثبوتوں کے مطالعے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ وہ احتجاجی مقام کے آس پاس کے کسی بھی ویڈیو فوٹیج میں نظر نہیں آرہی ہے اور پروسیکیوشن کا یہ دعویٰ کہ برقعہ پہننے والی چند خواتین کو پولیس اہلکاروں پر حملہ کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے جیساکہ وشال چودھری کے ویڈیو فوٹیج میں سامنے آیا ہے، بے وزن بات ہے کیونکہ ملزمہ کی شناخت ویڈیو میں نہیں ہوسکی۔
اس لیے عدالت کی رائے ہے کہ ملزمہ کی مسلسل قید کا کوئی جواز نہیں ہے، جج نے یہ بھی کہا کہ کورٹ کی رائے یہ ہے کہ محض احتجاج کے منتظمین میں سے ایک ہونے یا احتجاج میں شریک دیگر افراد کے ساتھ رابطے میں ہونا اس امر کو ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں ہے کہ کوئی شخص فساد کی پیشگی سازش میں شریک تھا۔
واضح رہے کہ احتجاج اور اظہار رائے کا حق جمہوری ڈھانچہ میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اور اس لیے احتجاج کرنے کے عمل کو کسی کو جیل میں بند کرنے کا ہتھیار نہیں بنایا جا سکتا، نیز اس معاملے میں چوتھی چارج شیٹ پہلے ہی دائر کی جاچکی ہے، مقدمے کی سماعت میں کافی وقت لگے گا۔ اس لیے ملزمہ جس کے دو چھوٹے بچے ہیں، کو غیر معینہ مدت کے لیے جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھنا دانشمندی نہیں ہوگی۔
درخواست گزار اپنے معاشرہ میں بااثر خاتون ہیں، اس وجہ سے، اس کے مفرور اور فرار ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مزید برآں، درخواست گزار کے دو شریک ملزمان کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے، اس لیے ان کو بھی ضمانت دی جاتی ہے۔