نئی دہلی:دہلی ہائی کورٹ نے ہفتہ کو خصوصی سماعت کرتے ہوئے دہلی میونسپل کارپوریشن کی میئر شیلی اوبرائے کی طرف سے جاری نوٹس پر روک لگا دی ہے۔ شیلی اوبرائے نے اسٹینڈنگ کمیٹی کے چھ ارکان کے انتخاب کے لیے دوبارہ انتخاب کا نوٹس جاری کیا تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کونسلر شرد کپور نے اس سلسلے میں دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے اس معاملے پر روک لگا دی ہے۔ ایسے میں اب پیر کو ہونے والے اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کا انتخاب روک دیا گیا ہے۔
خصوصی سماعت کے دوران جسٹس گورنگ کانٹھ نے تسلیم کیا کہ پہلی نظر میں یہ موجودہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ جسٹس کانٹھ نے اپنے حکم میں کہا کہ ابتدائی طور پر نوٹس متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ سینیئر وکیل مہیش جیٹھ ملانی بی جے پی کی جانب سے اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن کے طور پر نامزد کمل جیت سہراوت کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔ دوسری جانب کونسلر شیکھا رائے کی جانب سے جینت مہتا عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ ریٹرننگ افسر یا میئر کے پاس دوبارہ انتخابات کا حکم دینے کا اختیار نہیں ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے میں تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اپنے اپنے دلائل داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے اس کے لیے تمام فریقین کو 2 ہفتے کا نوٹس بھی دیا ہے۔ اس دوران عدالت نے دوبارہ انتخابات کے لیے جاری کیے گئے نوٹس پر بھی روک لگا دی ہے۔