دہلی کی تیس ہزاری کورٹ نے جیل میں بند دیپ سدھو کی ضمانت درخواست پر سماعت ملتوی کر دی ہے۔ اگلی سماعت آٹھ اپریل کو ہوگی۔ گذشتہ 31 مارچ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے دیپ سدھو کی ضمانت کی درخواست کو چارو اگروال کی عدالت میں منتقل کردیا تھا۔ گزشتہ 31 مارچ کو دیپ سدھو کی ضمانت کی درخواست ایڈیشنل سیشن جج دیپک ڈباس کی عدالت میں لسٹ کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران جانچ افسر نے اس معاملے کو ایڈیشنل سیشن جج چاررو اگروال کی عدالت میں بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔
جانچ افسر نے کہا تھا کہ اس معاملے کے سات شریک ملزمان کو ایڈیشنل سیشن جج چارو اگروال کی عدالت نے ضمانت دی ہے۔ دیگر شریک ملزمان کی پیشگی ضمانت اسی عدالت میں زیر سماعت ہے۔
اس کے بعد ایڈیشنل سیشن جج دیپک ڈباس نے اس معاملے کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گریش کتھپلیہ کی عدالت میں بھیج دیا تاکہ اس ضمانت کی درخواست پر سماعت کون سی کورٹ کرے گی اس کا فیصلہ ہو سکے۔ اس کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گریش کتھپلیہ نے ایڈیشنل سیشن جج چارو اگروال کی کورٹ میں معاملے کو ٹرانسفر کر دیا تھا۔
غورطلب ہے کہ گزشتہ 26 فروری کو عدالت نے دیپ سدھو کی ضمانت درخواست مسترد کردی تھی۔ گزشتہ 23 فروری کو عدالت نے دیپ سدھو کو 14 دن کے لئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔