دہلی:وزارت ریلوے نے ایک بار پھر بزرگ مسافروں کے کرایہ میں رعایت دینے کا فیصلہ لیا اور اس کو جلد نافذ کیا جائے،کرایہ میں رعایت 2020 میں کوویڈ 19 کی وجہ سے بند کردی گئی تھی۔ریلوے کی پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی نے ایک بار پھر حکومت سے کہا ہے کہ وہ بزرگ شہری مسافروں کو دی جانے والی رعایتوں سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ تفصیل کے مطابق ہندوستانی ریلوے 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے مردوں کو کرایہ میں 40 فیصد رعایت دیتی تھی اور اگر کم از کم عمر 58 سال ہو تو خواتین کو 50 فیصد رعایت دی جاتی تھی۔ اب ایک بار پھر بزرگ شہریوں سے مراعات کو دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایک پارلیمانی کمیٹی نے ریلوے کی وزارت پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرین کے سفر کے دوران بزرگ شہریوں کو دی جانے والی رعایت کو بحال کرنے پر ہمدردی کے ساتھ غور کرے اور بزرگ شہریوں کو سلیپر کلاس اور 3A کلاس میں رعایت کو دوبارہ متعارف کرایا جائے۔ یہ بات بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رادھا موہن سنگھ کی سربراہی میں ریلوے کی وزارت سے متعلق پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
دراصل یہ رپورٹ حال میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق، کمیٹی نے نوٹ کیا کہ ہندوستانی ریلوے 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے مردوں کو کرایہ میں 40 فیصد اور کم از کم عمر 58 سال ہونے پر خواتین کو 50 فیصد رعایت دیتی تھی۔ یہ رعایت میل/ایکسپریس/راجدھانی/شتابدی/درونٹو گروپ ٹرینوں میں تمام کلاسوں کے لیے دی گئی تھی۔