تمل ناڈو کے ورودھ نگر ضلع کے اچن کلم گاؤں میں پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد سنیچر کو بڑھ کر 19 ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی سہ پہر کو سرکاری لائسنس یافتہ سری مریمل پٹاخہ فیکٹری میں ہوئے دھماکوں کے نتیجے میں نو ملازمین موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دس زخمیوں ہسپتال میں دم توڑا۔
ہلاک ہونے والوں میں سے نو مرد اور باقی خواتین ہیں جن میں حاملہ خواتین اور کالج کی طالبات بھی شامل ہیں۔
دھماکے سے فیکٹری کے اندر 15 ورک شاپس مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ 13 دیگر کو جزوی نقصان پہنچا۔ ان ورک شیڈوں میں فینسی قسم کے پٹاخوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ ان شیڈوں میں انتہائی تباہ کن کیمیکلز کو محفوظ رکھا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آر کنن نے بتایا کہ واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ پٹرولیم اور دھماکہ خیز حفاظتی تنظیم کے عہدیدار بھی واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔