دہلی: رمضان المبارک کا مقدس مہینہ کی آمد آمد ہے۔ ایسے میں ماہ صیام کی تیاریاں بھی اپنے اختتام پر پہنچ چکی ہیں۔ رمضان المبارک میں کھجور تقریبا تمام مسلمانوں کے دسترخوان کی رونق بڑھاتی ہے لیکن اس بار کھجور کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ رمضان میں کھجور کی اہمیت و افادیت سے سب واقف ہیں کھجور ایک ایسا بابرکت اور لذیذ پھل ہے، جس کا کھانا سنت اور فائدہ سے بھرپور ہے لیکن اس کی بڑھتی قیمتیں عوام کو اس کی پہنچ سے دور کر رہی ہیں۔
اسی سے متعلق ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے دہلی کے جامع مسجد علاقے میں کھجور تاجروں سے بات کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں کھجور کی فروخت میں تو اضافہ ہوتا ہی ہے، ساتھ ہی کھجوروں کی قیمتیں بھی آسمان چھونے لگتی ہیں۔ کھجور تاجروں کے مطابق کچھ کھجوریں ایسی بھی ہیں، جن کی قیمت میں اضافہ کے بجائے کمی دیکھنے کو ملتی ہے۔ ان میں وہ کھجوریں شامل ہوتی ہیں، جو پہلے سے اسٹاک کرکے رکھی گئی ہوتی ہیں اور جو تازہ کھجوریں بازار میں آتی ہیں ان کی قیمتیں پہلے کے مطابق زیادہ ہوجاتی ہیں۔