چنڈی گڑھ: تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کا ایک قابل اعتراض ویڈیو سامنے آیا ہے اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل بھی ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں دلائی لامہ اپنی زبان باہر نکالتے ہوئے بچے کو چوسنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ ویڈیو میں اسے نابالغ لڑکے سے پوچھتے ہوئے سنا بھی گیا ہے کہ "کیا تم میری زبان چوس سکتے ہو؟" اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگ غصے سے بھرے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ یہ تمام واقعہ بدھ مت کے ایک پروگرام میں پیش آیا۔ ویڈیو پر تنازع کھڑا ہونے کے بعد انھوں نے بچے اور اس کے اہل خانہ سے معافی بھی مانگ لی۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ بپا ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ایک شکل ہے۔ اسے انگریزی لفظ میں pedophilia کہا جاتا ہے۔ دوسری جانب ان کے کچھ پیروکار ان کا دفاع کرتے ہوئے نظر آئے۔ دلائی لامہ کے ایک پیروکار اور ہمدرد کا کہنا ہے کہ وہ اس لڑکے کے ساتھ مذاق کر رہے تھے۔ تاہم، بچوں کے جنسی استحصال کے متاثرین کا کہنا ہے کہ ایک بالغ کی طرف سے اس طرح کا برتاؤ جنسی تعلق کا سنگین معاملہ ہے۔ یہ ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔