احمد آباد: مشرقی وسطی بحیرہ عرب پر آنے والا شدید سمندری طوفان بپرجوائے گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران شمال مشرق کی طرف بڑھ گیا اور ایک انتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کی طرف پھیلے ہوئے سمندری طوفان نے ایک بار پھر اپنا رخ تبدیل کرتے ہوئے گجرات کی طرف کر دیا ہے۔ اس طوفان کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے ریاست کی تمام بندرگاہوں پر الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق 15 جون کو سمندری طوفان 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گجرات کے کَچھ ساحل سے ٹکرائے گا۔
محکمہ موسمیات نے طوفان کے حوالے سے سوراشٹرا اور کَچھ کے ساحلوں کے لیے یلو الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ کچھ وقت قبل سمندری طوفان کے گجرات سے ٹکرانے کا امکان کم تھا، اس کے باوجود سسٹم تمام حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سمندری طوفان بپرجوئے 15 جون تک گجرات پہنچ سکتا ہے۔