اگرتلہ: کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ایم) سی پی آئی (ایم) کے ممبران پارلیمنٹ کی ایک ٹیم کا مغربی تریپورہ کے سپاہیجلا اور گومتی اضلاع میں انتخابات کے بعد کے تشدد سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے متاثرین سے ملنے کا پروگرام ہے۔کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کے آٹھ ممبران پارلیمنٹ کی ایک ٹیم سیاسی تشدد کی تحقیقات کے لئے تریپورہ پہنچی ہے اور پانچ لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ اور تین راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ کانگریس اراکین اسمبلی اور لیڈروں کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔
کانگریس کے ریاستی صدر برجیت سنہا نے جمعہ کو کہا کہ مرکزی نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کے باوجود 16 فروری کو انتخابات ختم ہونے کے فوراً بعد تشدد شروع ہوا لیکن بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد 2 مارچ کو نتائج کے اعلان کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ تشدد کی وجہ سے پانچ ہزار سے زائد مرد، خواتین اور بچے اپنا گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔ بہت سے لوگوں نے بھاگ کر ریاست کے مختلف حصوں اور ریاست سے باہر پناہ لی۔ پولیس ایف آئی آر بھی درج نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کے بعد کم از کم تین افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔دونوں جماعتوں کے قانون ساز آج اور ہفتہ کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔