کورونا کی دوسری لہر نے ملک میں تباہی مچا رکھی ہے۔ ملک میں روزانہ تین لاکھ سے زائد کیسز آرہے ہیں۔ کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے ملک بھر میں آکسیجن کے استعمال میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں آکسیجن کی کمی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔
ملک کے بہت سے ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے صورتحال تشویشناک ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اب تک تقریباً دو لاکھ لوگ بروقت آکسیجن اور ضروری ادویات نہ ملنے سے دم توڑ چکے ہیں۔ ہسپتالوں میں بستروں کے علاوہ آکسیجن کی بھی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ہندوستان میں کورونا وائرس کے غیر معمولی اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عرب امارات، سعودی عرب، سنگاپور، یورپی یونین، برطانیہ، چین اور فرانس سمیت متعدد ممالک کی جانب سے مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔ سعودی عرب کے محکمہ صحت نے 80 ٹن مائع آکسیجن گیس بھارت بھیجا ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم انڈین سفارت خانے کی جانب سے اڈانی گروپ اور میسرز لائنڈ کے تعاون سے 80 ٹن مائع آکسیجن گیس بھارت بھیجے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
ریاض میں قائم انڈین سفارت خانہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے اس موقع پر انڈیا کی ہر طرح کی مدد، حمایت اور تعاون پر دلی طور پرشکریہ ادا کیا ہے۔