بھارت سرکار نے جانکاری دی ہے کہ 16 جنوری 2021 سے کورونا کے لیے ٹیکہ کاری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ٹیکہ کاری کی شروعات میں طبی ملازمین اور فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ یعنی کورونا کی ٹیکہ کاری مرحلہ وار طریقے سے انجام دی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں جن طبی ملازمین اور فرنٹ لائنرس کی ٹیکہ کاری کی جائے گی ان کی تعداد تقریباً 3 کروڑ ہے۔
اس کے بعد دوسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ اور اس سے کم عمر کے ان لوگوں کو ٹیکہ لگایا جائے گا جو کسی سنگین بیماری میں مبتلا ہیں۔ ان کی تعداد تقریباً 27 کروڑ ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کووڈ-19 کی ٹیکہ کاری کے لیے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطح کی میٹنگ کی۔
ٹیکہ کاری کے لیے سبھی ریاستی حکومتوں نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس کے لیے ملک گیر سطح پر دو بار ڈرائی رن (مشق) کیا گیا ہے۔ کووی شیلڈ اور کو ویکسین کو پیداواری مرکز سے لے کر ٹیکہ کاری بوتھ تک پہنچانے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
اس کے مطابق ویکسین کو انسولیٹیڈ وین کے ذریعہ پیداواری مرکز سے ایئر پورٹ تک پہنچایا جائے گا۔ وہاں سے انہیں کرنال (شمال)، ممبئی (مغرب)، چنئی (جنوب) اور کولکاتا (مشرق ) سمیت چار علاقائی ویکسین اسٹور تک پہنچایا جائے گا۔