دہلی یونیورسٹی میں بی اے انگلش آنرز کورس سے مہاشویتا دیوی کی لکھی ہوئی مختصر کہانی دروپدی کو ہٹانے پر تنازع جاری ہے۔ اس مختصر کہانی پر اساتذہ دو گروپوں میں منقسم ہو گئے ہیں۔ اساتذہ کا ایک گروپ مسلسل احتجاج کر رہا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ یہ دلت مخالف ذہنیت ہے۔ اساتذہ کے دوسرے گروپ کا کہنا ہے کہ جو تنازع پیدا کیا جا رہا ہے وہ مکمل طور پر درست نہیں ہے۔
ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ حال ہی میں دہلی یونیورسٹی میں اکیڈمک کونسل کی میٹنگ میں یہ معاملہ زور پکڑنے لگا۔ میٹنگ کے دوران، تقریبا 14 اراکین نے بی اے انگلش آنرز کے نصاب میں تبدیلیوں پر اختلافی نوٹ دیا تھا۔ اب اس معاملے پر دہلی یونیورسٹی سے منسلک رام لال آنند کالج میں شعبہ انگریزی میں کام کر رہی ڈاکٹر پریرنا ملہوترا نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع مکمل طور پر درست نہیں ہے۔ مہاشویتا دیوی کو انگریزی کے نصاب سے نہیں ہٹایا گیا ہے۔ ان کی کہانی 'دی وہائی وہائی گرل' اور ایک ڈرامہ 'بیون' نظر ثانی شدہ نصاب کا حصہ ہیں۔ یہ کہانی اور ڈرامہ قبائلی خواتین کی جدوجہد پر مبنی ہے۔