راجیہ سبھا میں کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان دیپیندر ہڈا نے کہا کہ اگر ہریانہ میں کانگریس اقتدار میں آئی تو کسان تحریک میں مرنے والے کسانوں کو 'شہید' کا درجہ دیا جائے گا اور حکومت کی طرف سے مالی مدد دی جائے گی نیز خاندان کے کسی بھی فرد کو نوکری دی جائے گی۔ دیپیندر ہڈا یہاں کتلانہ ٹول پلازہ پر نئے زراعتی قوانین کو منسوخ کرنے کے لیے احتجاج کر نے والے کسانوں سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے کانگریس حکومتی سطح پر مظاہرین کے لیے کچھ نہیں کر سکتی، لیکن پارٹی ایم ایل اے نے اپنی سطح پر فنڈ جمع کرائے ہیں اور ریاست کے ہر 'شہید' کسان کے خاندان کو 2 لاکھ روپے دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے پر کانگریس ان شہید کسانوں کے اہل خانہ کو حکومتی سطح پر مالی امداد فراہم کرے گی۔ لکھیم پور کھیری کے واقعہ کے بارے میں انہوں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت 'مجرموں' کو تحفظ فراہم کرنے میں لگی ہوئی ہے۔