نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے گجرات کے رکن اسمبلی جگنیش میوانی کی گجرات کے پالن پور میں آسام پولیس کی جانب سے کی گئی گرفتاری کو بدقسمتی بتاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی یہ تاناشاہی ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جائےگا۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی،پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے جگنیش میوانی کی گرفتاری پر طنزیہ ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی جگنیش میوانی کےسا تھ کھڑی ہے اور مودی حکومت کی تاناشاہی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائےگا۔
راہل گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ’’مودی جی، آپ عدم اتفاق کی حالت میں اقتدار کا غلط استعمال کرکے ریاستی مشینری کو کچلنے کی کوشش کرسکتے ہیں لیکن سچ کو باندھ نہیں سکتے ہیں۔‘ وینوگوپال نے بھی ٹویٹ کیاکہ’’آسام پولیس کے ذریعہ دیر رات کو جگنیش میوانی کی غیر قانونی اور غیر آئینی گرفتاری بی جے پی کے اقتدار کا تازہ ثبوت ہے۔ عوامی نمائندوں کی یہ گرفتاری نہ صرف بی جے پی کی تنقید کے ڈر کو ظاہر کرتی ہے بلکہ ہماری جمہوریت کی بنیاد پر بھی حملہ ہے۔‘‘