نئی دہلی: راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر دہلی پولیس کے پہنچنے پر کانگریس نے سخت مذمت کی۔ کانگریس نے کہا کہ اب راہل گاندھی نے اس معاملے پر وقت مانگا ہے، لیکن پارٹی بھی بہت جلد پورے معاملے کا انکشاف کرے گی۔ کانگریس نے کہا کہ یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسی یاترا سے متعلق جانکاری مانگی جا رہی ہیں، جو ایک سیاسی یاترا تھی۔
کانگریس کے سینئر لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا 140 دنوں تک 12 ریاستوں سے گزری۔ اس دورے کے دوران راہل گاندھی نے لاکھوں لوگوں سے ملاقات کی۔ سنگھوی نے کہا کہ کسی کے لیے یہ یاد رکھنا ممکن نہیں ہے کہ اس دوران کس شخص نے ان سے کیا کہا۔ اس کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا جا سکتا۔ سنگھوی نے کہا کہ سیاسی سفر کے دوران لوگ اپنی بات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پوچھتے ہیں کہ کن خواتین نے کب شکایت کی، تفصیلات بتائیں، یہ بات ہم نے پہلی بار سنی ہے۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ اندرا گاندھی کے دور میں بھی ان لوگوں نے ایسا ہی کام کیا تھا، اور ان کے رویے کی وجہ سے ہی کانگریس دوبارہ اقتدار میں آئی۔ راہل گاندھی نے دہلی پولیس سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ ان کے تمام سوالوں کا جواب دیں گے، پھر اتنی جلدی کیا تھی کہ پولیس نے پھر ان کے گھر آنے کی دھمکی دے دی۔ گہلوت نے کہا کہ یہ پہل دہلی پولیس کی نہیں ہو سکتی۔ یاترا کے دوران بہت سے لوگ ملتے ہیں، اور اپنی شکایتیں کرتے ہیں۔ مجھے تمام شکایتیں یاد نہیں ہیں۔ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے۔ پولیس کسی کے گھر میں اس طرح داخل نہ ہو۔ اس پر کسی نے مقدمہ بھی درج نہیں کیا۔