نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف انتقامی اور جلد بازی میں قدم اٹھا رہی ہے لیکن کانگریس اس کا مقابلہ کرے گی۔ کھڑگے نے کہا کہ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت ختم کرنا جلد بازی اور انتقامی جذبے سے اٹھایا گیا قدم ہے اور کانگریس اس معاملے پر قانونی طریقے سے قدم اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دیگر ایم پی کی رکنیت ختم کرنے کا حکومت نے قدم اٹھایا لیکن یہ قدم غلط تھا اور ہائی کورٹ نے بھی اس کے خلاف فیصلہ دیا تھا، لیکن جب معاملہ سپریم کورٹ پہنچا تو لوک سبھا کے اسپیکر نے سپریم کورٹ میں سماعت سے قبل ہی ان کی رکنیت بحال کر دی ہے۔ غور طلب ہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ محمد فیصل کی رکنیت لوک سبھا سکریٹریٹ نے جنوری میں قتل کے ایک معاملے میں انہیں 10 سال کی سزا ملنے کے بعد ختم کردی تھی جسے ہائی کورٹ نے غلط بتایا۔