نئی دہلی:کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے پیر کو پارٹی کی آن لائن کراؤڈ فنڈنگ مہم 'ڈونیٹ فار دیش' کا آغاز کیا۔ کھرگے نے خود آن لائن فنڈنگ مہم کے لیے 1.38 لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ’’ڈونیٹ فار دیش‘‘ مہم پسماندہ برادریوں کے حقوق کو برقرار رکھنے، عدم مساوات کو ختم کرنے اور سرمایہ داری میں منتخب چند لوگوں کی حمایت کرنے والی آمرانہ حکومت کے خلاف ایک مضبوط اپوزیشن بننے کا عزم ہے۔
اس موقع پر نئی دہلی میں واقع کھرگے کی رہائش گاہ پر مہم کے آغاز کے دوران کانگریس کے خزانچی اجے ماکن، پارٹی کے سینئر لیڈر کے سی وینوگوپال، جئے رام رمیش اور کئی دوسرے لیڈر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اجے ماکن نے کہا کہ "ہماری افتتاحی مہم 'بہتر بھارت کے لیے عطیہ'، انڈین نیشنل کانگریس کے 138 سالہ سفر کی یاد دلاتی ہے۔"
ماکن نے مزید کہا کہ "اپنی تاریخ کو اپناتے ہوئے، ہم اپنے حامیوں کو 138 روپے یا 1380 روپے یا 13,800 روپے یا اس سے زیادہ کا عطیہ دینے کی دعوت دیتے ہیں، جو کہ ایک بہتر ہندوستان کے لیے پارٹی کی مستقل وابستگی کی علامت ہے۔"