نیویارک:کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھارت کے ساتھ ساتھ بیرون ملک میں بھی لوگوں سے قریب سے روبرو ہونے کا اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران ٹرک کی سواری کی۔ منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کانگریس پارٹی نے کہا، "راہل گاندھی نے بھارتی نژاد ٹرک ڈرائیوروں کے ساتھ واشنگٹن ڈی سی سے نیویارک تک 190 کلومیٹر کا فاصلہ ٹرک کے ذریعہ طے کیا۔ بھارت میں دہلی سے چنڈی گڑھ تک ٹرک سے سفر کیا، امریکہ میں بھارتی نژاد ٹرک ڈرائیوروں کی روزمرہ کی زندگی کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کے لیے انہوں نے وہاں ٹرک کا سفر کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہاں ٹرک ڈرائیور کم اجرت اور قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کے ساتھ گھر پر جدوجہد کرتے ہیں، وہیں امریکہ میں ٹرک چلانے والوں کو ان کی محنت کے لئے مناسب اجرت کے ساتھ عزت بھی ملتی ہے۔ کانگریس نے منگل کو سوشل میڈیا پر راہل گاندھی کی ایک ٹرک ڈرائیور کے ساتھ بات چیت کا نو منٹ کا ویڈیو بھی جاری کیا۔ ویڈیو میں کانگریس لیڈر گرے ٹی شرٹ پہنے ہوئے ٹرک پر سوار ہوتے اور سواری کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ راہل گاندھی رات دیر گئے ایک ٹرک پر دہلی سے چنڈی گڑھ پہنچے تھے اور ڈرائیوروں سے ان کے مسائل پر بات چیت بھی کی تھی۔