بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ دگ وجے سنگھ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کشمیری پنڈتوں کے مسائل سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کا جواب نہیں دینا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں اس سلسلے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب نہیں دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے۔
دگ وجے سنگھ نے خط میں ذکر کیا ہے کہ میں نے راجیہ سبھا میں محکمہ داخلہ سے ستارہ والا سوال نمبر 1528 پوچھا تھا، جس کا جواب 8 فروری 2023 کو ایوان میں دیا جانا تھا۔ مجھے یہ جان کر حیرت ہوئی کہ' کشمیری پنڈتوں کے مسائل' سے متعلق میرے سوال کو خفیہ نوعیت کا ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا ہے۔ اس خط کے ذریعے میں پارلیمنٹ میں پوچھے گئے اس سوال کا اعادہ کر رہا ہوں جس میں یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کشمیری پنڈتوں کے لئے میرے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں ایسا کیا راز تھا جو ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
دگ وجے سنگھ کے مطابق 'میرا سوال یہ تھا کہ وادی کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کے قتل کو روکنے کے لیے حکومت نے کیا اقدامات کئے ہیں؟ کیا حکومت نے کشمیری پنڈت ملازمین کی تنخواہ روک دی ہے کیوں کہ انہوں نے قتل خوف سے اپنی جگہ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا؟ اگر ہاں تو اس کی وجہ کیا ہے؟ کیا حکومت کشمیر کی ہندو آبادی کو وادی کشمیر سے باہر آباد کرنا چاہتی ہے؟'