ممبئی: کانگریس پارٹی کے قومی صدر کے طور پر ملکارجن کھرگے کی جیت جمہوری طریقے سے ہوئی ہے۔ کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے جس میں صدر کا انتخاب اس کے کارکنان کے ووٹوں سے ہوتا ہے۔ کھرگے کے پارٹی صدرمنتخب ہونے پران خیالات کا اظہار ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے۔Nana Patole On Cong President Election
انہوں نے کہا کہ نئے صدر کے پاس وسیع تجربہ اور سب کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت ہے۔مجھے یقین ہے کہ کھرگے کی قیادت میں کانگریس پارٹی ایک بار پھر اپنے شاندار ماضی کو حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے صدر کی قیادت میں ہم مل کر مرکز کی آمر حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اسے اقتدار سے باہر کر دیں گے۔
ریاستی صدر نانا پٹولے نے ملکارجن کھرگے کو پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش ظاہرکی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جو تمام ذات پات اور مذہب کے لوگوں کو یکساں مواقع فراہم کرتی ہے۔کانگریس میں صدر کا انتخاب کارکنان کرتے ہیں، جبکہ دوسری جماعتوں میں صدر مسلط کیا جاتاہے۔
ملکارجن کھرگے نے کانگریس پارٹی کی طرف سے دی گئی ذمہ داری کو کامیابی سے نبھایا ہے۔ اپنی طالب علمی کی زندگی سے سیاسی آغاز کرنے والے کھرگے نے شہر صدر، مزدور لیڈر، ایم ایل اے، ایم پی، کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، کرناٹک کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے کر ریاست اور مرکز میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔