نئی دہلی: کانگریس نے 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوئی اور 30 جنوری کو جموں وکشمیر کے سری نگر میں ہونے والی بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے 21 ہم خیال جماعتوں کے لیڈروں کو مدعو کیا ہے۔ کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے مختلف پارٹیوں کے لیڈروں کو لکھے خط میں کہا کہ 30 جنوری کو ہونے والی بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب بابائے قوم مہاتما گاندھی کو وقف کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس یاترا کے ذریعے نفرت اور تشدد کو ختم کرنے اور بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا پیغام دیا گیا ہے۔ باپو نے بھی اس دن ملک میں ان برائیوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا، اس لیے یہ پروگرام بابائے قوم کو وقف کیا جا رہا ہے۔ کھڑگے نے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو لکھے خط میں کہا کہ ملک معاشی، سماجی اور سیاسی بحران سے گزر رہا ہے اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ اس صورتحال میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اب تک 3300 کلومیٹر پیدل چل کر مختلف ریاستوں کے لوگوں سے براہ راست بات چیت کی ہے۔