بھوپال:کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم کے لیے جارہی ہیں، انہوں نے ریاست کے دورے سے پہلے کہا کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس خواتین کی خواہشات سے لے کر بچوں کی تعلیم تک، ہر چیز کی ضمانت دے رہی ہے۔
محترمہ وڈرا نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت آتی ہے تو اسکولی طلباء کو اسکالرشپ، کم از کم امدادی قیمت کی ضمانت، نوجوانوں کو 3000 روپے کا بے روزگاری الاؤنس، 12ویں تک مفت تعلیم، مسابقتی امتحانات کی فیس میں 100 فیصد چھوٹ، 25 لاکھ روپے تک کا بیمہ، او بی سی زمرہ اور ذات کی مردم شماری کے لیے 27 فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی خواہشات سے لے کر بچوں کی تعلیم، گاؤں، کسانوں، بجلی، پانی، صحت، سب کچھ کانگریس کی ضمانت ہے۔ آپ تمام مدھیہ پردیش کی عوام اسے بس جملہ بازی نہ سمجھیں بلکہ میں یقین دلاتی ہوں کہ یہ ضمانت کانگریس کی ریاست میں حکوت بننے کے بعد مکمل کی جائے گی۔