نئی دہلی: اتراکھنڈ کانگریس نے مرکزسے جوشی مٹھ آفات سے نمٹنے کے لئے 1000کروڑ روپے کا پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ریاستی کانگریس کے نائب صدر دھیریندرپرتاپ نے فوری مدد کے طور پرلوگوں کو 4000سے5000روپے دینے کو اونٹ کے منھ میں زیرہ والی حالت بتائی اور کہا کہ جس طرح کی بھیانک حالت جوشی مٹھ میں ہے اس کو دیکھتے ہوئے فورامرکزسے کم از کم 1000کروڑ روپے کی مدد دی جانی چاہئے۔
انہوں نے ریاستی حکومت پرجوشی مٹھ کے معاملے میں لاپرواہی برتنے کا الزام لگایااورکہا ہے کہ جوشی مٹھ کے آفات کی روک تھام کے اہلکاروں کے بھروسے نہیں چھوڑا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہاکہ وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی کو کم از کم دو کابینی وزیروں کی ڈیوٹی وہاں لگانی چاہئے۔ دوسری جانب کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جوشی مٹھ سانحہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو وزیر اعظم کیئر فنڈ سے امداد دینے اور جوشی مٹھ کے ارد گرد جاری پروجیکٹوں کا کام فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔