اگرتلہ، 13 جنوری (یو این آئی) کانگریس نے جمعہ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) سے اپوزیشن جماعتوں پر حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں کی طرف سے مبینہ طور پر تشدد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن پارٹی نے آئندہ ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لیے پارٹیوں کے درمیان اتحاد پر زور دیا۔
کانگریس صدر برجیت سنہا نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) راجیو کمار نے ای سی آئی فل بنچ کے دورے کے دوران سیاسی جماعتوں کو یقین دلایا کہ ریاست میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے کثیر سطحی میکانزم تیار کی گئی ہیں۔سی ای سی کے یہاں قیام کے دوران بدھ کی رات بی جے پی کارکنوں نے گومتی ضلع کے مٹا باڑی میں سی پی آئی (ایم) کے پارٹی دفتر کو آگ لگا دی تھی۔
سنہا نے الزام لگایا کہ گومتی، جنوبی تریپورہ اور کھوئی اضلاع میں کئی مقامات پر حکمراں پارٹی کے کارکن اپوزیشن کارکنوں کو مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں، پارٹی کے دفاتر کو آگ لگا رہے ہیں، اپوزیشن کے حامیوں کے گھروں اور دکانوں پر حملہ کر رہے ہیں اور فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔