کانگریس نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں عوام کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ نتائج ان کی توقعات کے بالکل برعکس ہیں لیکن جمہوریت میں عوام کا فیصلہ سب سے مقدم ہوتا ہے۔ اس لیے اس فیصلے کو قبول کرتے ہوئے کانگریس اپنا احتساب کرے گی اور شکست کی وجوہات کا پتہ لگائے گی۔' Congress Calls For Review Meeting
کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انتخابات کے دوران پارٹی نے عوام کے مسائل جیسے مہنگائی، بے روزگاری، ڈوبتی ہوئی معیشت کو ذمہ داری سے اٹھایا ہے اور اس کی توقع تھی کہ لوگ اس کا ساتھ دیں گے۔ مگر انتخابی نتائج اس کی توقعات کے برعکس ہیں، پارٹی شکست کی وجوہات کا خود احتساب کرے گی اور ان کا جائزہ لے گی۔'
انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم کانگریس کے ہارنے کی وجوہات کے بارے میں غور وفکر کرے گی اور آئندہ انتخابات میں بہتر کام کرنے کی کوشش کرے گی۔ پارٹی انتخابی نتائج سے مایوس ضرور ہے ،لیکن حیران نہیں ہے۔ الیکشن ہار گئے لیکن ہمت نہیں، اس لیے پارٹی لڑتی رہے گی اور تبدیلی کے ساتھ واپس آئے گی۔'