ٹوکیو اولمپکس بیڈمنٹن میں پی وی سندھو نے چین کی، ہی بنگ جیاؤ کو شکست دے کر کانسے کا تمغہ اپنے نام کرلیا ہے اور اس طرح مزید ایک تمغہ بھارت کی جھولی میں ڈال دیا ہے۔
سندھو کی جانب سے کامیابی اور کانسہ کا تمغہ جیتنے پر مخلتف قائدین ورہنماؤں نے انہیں مبارکبار پیش کی ہے، جس میں قابل ذکر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو ، وزیر اعظم مودی، کانگریس قائد راہل گاندھی شامل ہیں۔
اتوار کو جاری ایک پیغام میں وینکیا نائیڈو نے کہا کہ پی وی سندھو کی اس کامیابی پر ہر ہندوستان کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ "پی وی سندھو کو ٹوکیو اولمپکس میں بیڈمنٹن مقابلے میں ملک کے لیے کانسے کا تمغہ جیتنے پر دلی مبارکباد! آپ کی کامیابی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دے گی۔"
مسٹر نائیڈو نے بتایا کہ پی وی سندھو نے ٹوکیو اولمپکس میں اپنا دوسرا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کھیلوں کے تئیں اپنی لگن اور محنت کا مظاہرہ کیا ہے۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ پی وی سندھو کے روشن مستقبل کے لیے میری نیک خواہشات۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوکیو اولمپکس میں بیڈمنٹن میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر پی وی سندھو کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی وی سندھو ہندوستان کا فخر اور ہمارے بہترین اولمپک کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔
اتوار کو ایک ٹویٹ میں مسٹر مودی نے لکھا کہ "ہم سب پی وی سندھو کی شاندار کارکردگی سے پرجوش ہیں۔ ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر انہیں مبارکباد۔ وہ ہندوستان کا فخر ہے اور ہمارے بہترین اولمپک کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔
واضح رہے کہ پی وی سندھو نے اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ اس سے قبل وہ اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیت چکی ہیں۔ اس طرح وہ اولمپک کھیلوں میں دو تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔