آل انڈیا خلافت کمیٹی سے نکلنے والے عیدمیلادالنبی ؐ کے جلوس کو مشروط طور پر نکالنے کی اجازت دی گئی نیز کسی ایک جگہ پر بھیڑ نہ اکٹھا کرنے کیلئے پورے مہاراشٹر کے اپنے اپنے علاقوں میں پانچ ٹرک اور ہر ٹرک پر پانچ لوگوں کے ساتھ نکلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر 19؍اکتوبر بروز منگل کو آل انڈیا خلافت کمیٹی کی جانب سے نکلنے والے جلوس کی تیاریوں کے سلسلے میں کمیٹی کے چیئرمین سرفراز آرزو و دیگر اہم شخصیات کی کوششوں کو اس وقت کامیابی ملی جب مہاراشٹر حکومت نے آل انڈیا خلافت کمیٹی کے ذریعے نکلنے والے جلوس کو مشروط طور پر اجازت دے دی۔
ساتھ ہی حکومت نے ممبئی، ملاڈ، کرلا، اندھیری، باندرہ، گھاٹکوپر، وکرولی، ممبرا، تھانہ، بھیونڈی، ناسک، مالیگاؤں، دھولیہ، کولہاپور، شولاپور، اچل کرنجی، ناگپور، ایوت محل، جلگاؤں، واشم، بارہ متی، اورنگ آباد، جالنہ، پربھنی، بیڑ اور ناندیڑ کے علاوہ پوری ریاست کے مسلم آبادی والے علاقوں میں عید میلادالنبی ﷺ کا جلوس نکالنے کی اجازت دے دی اور مہاراشٹر حکومت نے اپنی گائڈلائن میں کہا ہے کہ آل انڈیا خلافت کمیٹی کی طرح پانچ ٹرک جس میں ہر ٹرک پر پانچ لوگوں کے ساتھ جلوس نکالنے، بھیڑ اکٹھا نہ ہو سمیت پورے شہر میں مختلف مقامات سے لوگ اپنے اپنے علاقوں میں پانچ ٹرکوں کے ساتھ عید میلادالنبی ﷺکا جلوس نکال سکیں گے۔
مہاراشٹر حکومت کی گائڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ بات صاف ہونی چاہیئے کہ اب اگر لوگ ورلی میں رہتے ہیں یا ماہم میں رہتے ہیں یا پھر سائن، گھاٹکوپر میں رہتے ہیں تو وہ اپنے اپنے علاقوں میں ہی جلوس عیدمیلادالنبی ﷺ کو مذکورہ گائڈلائن کی پاسداری کرتے ہوئے وہیں سے جلوس نکالیں۔ منگل کو نکلنے والے خلافت ہاؤس کے تاریخی جلوس میں مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کررہے ہیں جب کہ جلوس کی قیادت رضااکیڈمی کے روح رواں الحاج محمد سعید نوری کریں گے۔