نئی دہلی: اتر پردیش اربن لوکل باڈی انتخابات میں او بی سی ریزرویشن معاملے کی جانچ کے لیے بنائے گئے خصوصی کمیشن نے اپنی حتمی رپورٹ پیش کر دی ہے۔ سپریم کورٹ 24 مارچ کو اس معاملے کی سماعت کرے گا اور اس کے بعد ریاست میں انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا راستہ صاف ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ کے سامنے بدھ کو سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے اتر پردیش حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے اس معاملے پر جلد سماعت کی درخواست کی۔ مہتا نے 'خصوصی تذکرہ' کے دوران آنے والی کمیشن کی رپورٹ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے یہ گزارش کی۔
انہوں نے بنچ کو بتایا کہ اگرچہ کمیشن کی مدت چھ ماہ تھی لیکن اس نے تین ماہ کے اندر اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی۔جسٹس (ریٹائرڈ) رام اوتار سنگھ کی سربراہی میں کمیشن نے اس ماہ کے شروع میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی تھی اور ریاست کے شہری ترقی کے وزیر اے کے شرما اور محکمہ شہری ترقیات کے عہدیداروں کی موجودگی میں رپورٹ سونپ دی تھی۔کمیشن کے چار دیگر ارکان میں ریٹائرڈ آئی اے ایس افسران چوب سنگھ ورما، مہندر کمار اور ریاست کے سابق ایڈیشنل قانونی مشیر سنتوش کمار وشوکرما اور برجیش کمار سونی شامل ہیں۔