کولکتہ: مغربی بنگال میں ایک بار پھر سی بی آئی کی کارروائی شروع ہوگئی ہے۔ اب کوئلہ گھوٹالہ معاملے میں سی بی آئی نے بنگال کے قانون اور محنت کے وزیر مولائے گھٹک کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ یہ چھاپہ آسنسول میں وزیر کی رہائش گاہ پر جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس معاملے میں سی بی آئی نے مولائے گھٹک کو کئی بار سمن جاری کیا تھا۔ آپ کو بتا دیں کہ ای ڈی اس معاملے میں پہلے سے ہی کارروائی کر رہی ہے۔ کوئلہ گھوٹالے میں ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی سمیت کئی لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس سے قبل سی بی آئی نے مغربی بنگال میں پارتھا چٹرجی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ سی بی آئی کی یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کچھ عرصہ قبل ممتا حکومت میں کابینہ کے وزیر پارتھا چٹرجی کو ٹیچر بدعنوانی کیس میں گرفتار کیا تھا۔ پارتھا چٹرجی کی قریبی ساتھی ارپیتا مکھرجی سے تقریباً 50 کروڑ روپے کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔ تنازعہ بڑھنے کے بعد ممتا بنرجی نے پارتھا چٹرجی کو کابینہ سے ہٹا دیا۔