شملہ: ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھوندر سنگھ سکھو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ریاست کو خود کفیل بنانے کے لیے تعلیم، صحت، سیاحت، ہائیڈرو پاور اور فوڈ پروسیسنگ جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے خصوصی پالیسی لائے گی۔
سکھو نے ہفتہ کو یہاں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو قرضوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ملازمین اور سماج کے ہر طبقے کے فعال تعاون کی ضرورت ہے۔ سکھو نے، ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور ہماچل پردیش نیشنل لاء یونیورسٹی کے چانسلر، جسٹس امجد اے سعید نے شملہ کے قریب گھنڈل میں ہماچل پردیش لاء یونیورسٹی کے 'رشیکا سنگھمترا' گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس ہاسٹل کی تعمیر پر تقریباً 14.50 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ اس موقع پر جسٹس امجد اے سعید نے کہا کہ یہ قابل فخر لمحہ ہے کہ یونیورسٹی میں عالمی معیار کا گرلز ہاسٹل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بہترین مراکز حکومت کے تعاون سے ہی ترقی کر سکتے ہیں۔