پٹنہ:رام نومی کے اگلے دن بہار کے کئی اضلاع سے تشدد کی خبریں موصول ہوئیں۔ اس معاملے پر بی جے پی نے بہار حکومت بالخصوص سی ایم نتیش کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار سے بہار سنبھل نہیں رہا ہے۔ سی ایم نتیش کمار بھی بی جے پی پر مسلسل حملہ کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے سی ایم نتیش نے ان فسادات کے پیچھے دو لوگوں کا ہاتھ بتایا تھا۔ نتیش نے کہا تھا کہ سبھی جانتے ہیں کہ اس واقعہ کے پیچھے دو لوگ ہیں۔ انہوں نے نام لیے بغیر کہا تھا کہ ایک حکمران ہے اور دوسرا ان کا ایجنٹ ہے۔
نتیش کمار نے ایک بار پھر بہار تشدد کو لے کر بی جے پی کا نام لیے بغیر نشانہ لگایا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس پر بھی حملہ کیا ہے۔ سی ایم نتیش کمار نے کہا کہ حکومت الرٹ ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے کہ کوئی تنازعہ نہ ہو۔ جب نتیش کمار سے پوچھا گیا کہ مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس بہار تشدد کے بارے میں گورنر سے رپورٹ طلب کرنے کے لیے وزیر داخلہ سے اپیل کریں گے، تو سی ایم نتیش نے اس کا جواب دیتے ہوئے نتیش نے کہا کہ ہماری پولیس اور افسران اندرونی طور پر اس کام میں لگے ہوئے ہیں۔ دیکھتے ہیں اصل میں یہ ہنگامہ کس نے کیا۔