اگرتلہ: تریپورہ میں انتخابی اتھل پتھل کے درمیان، جمعہ کے روز ضلع سیپاہیجالہ کے سونامورا اسمبلی حلقہ کے تحت میلہ گھر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ اس جھڑپ میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سی پی آئی (ایم) کے امیدوار شیامل چکرورتی گھر گھر مہم چلا رہے تھے، اسی دوران بی جے پی کے حمایت یافتہ شرپسندوں نے ان پر گالی گلوچ کی، جس کے بعد ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ اس واقعہ میں سی پی آئی (ایم) کے کم از کم پانچ کارکن اور بی جے پی کے دو کارکن زخمی ہوئے۔دوسری طرف، بی جے پی کے نائب صدر ڈاکٹر اشوک سنہا نے الزام لگایا کہ سی پی آئی (ایم) اور کانگریس کے لوگ ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ریاست بھر میں کشیدگی پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تریپورہ میں گزشتہ روز پولیس نے اگرتلہ میونسپل کارپوریشن کے کونسلر ابھیشیک دتہ کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ کونسلر دتہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے اور شہر کے رام نگر حلقے سے پارٹی کے امیدوار سورج جیت دتہ کے بھتیجے ہیں۔ پیشے سے وکالت کرنے والے اور کانگریس مارکسسٹ حمایت یافتہ آزاد امیدواروں پرشوتم رائے برمن اور سشمیتا پال نے الزام لگایا ہے کہ یہ واقعہ دن کے اجالے میں شہر کے وسط میں بنرجی پاڑا علاقے میں اس وقت پیش آیا جب وہ جمعرات کو اپنے چیمبر سے نکلی تھیں۔