رائے پور:کانگریس اور بی جے پی کے کارکنوں نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت کی منسوخی کے خلاف آج چھتیس گڑھ کی راجدھانی میں ایک دوسرے کے دفاتر میں ہنگامہ کیا جس میں لوگوں کو چوٹیں بھی آئیں۔موصولہ اطلاع کے مطابق مسٹر گاندھی کی رکنیت کی منسوخی کی خبر کے بعد یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے راجدھانی میں بی جے پی کے دفتر ایکاتم کمپلیکس کے سامنے مظاہرہ کیا اور باہر بی جے پی لیڈروں کے پوسٹروں پر سیاہی پھینکی، ان میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اس دوران پولیس بھی پہنچ گئی اور دونوں پارٹیوں کے لوگوں کو الگ کرایا۔
اس دوران بی جے پی کارکنان نے ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر راجیو بھون پہنچ کر دفتر کا محاصرہ کیا، یہاں بھی دونوں پارٹیوں کے کارکنان آپس میں نبردآزما ہوئے، اس کے بعد دونوں طرف سے پتھراؤ ہوا جس میں کچھ پولس اہلکار اور دونوں پارٹیوں کے لوگ زخمی ہوئے۔ پولیس نے کسی طرح حالات پر قابو پالیا اور بی جے پی کارکنوں کو وہاں سے ہٹا دیا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس حکام نے اضلاع میں بھی جھڑپوں کے امکان کے پیش نظر ریاست بھر کی پولیس کو الرٹ کر دیا ہے۔دارالحکومت میں دونوں جماعتوں کے دفاتر پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔