امریکہ میں کواڈ کی چوٹی کانفرنس سے قبل چین کی جانب سے مشرقی لداخ میں ایل اے سی پر گلوان وادی میں گذشتہ برس ہوئے فوجی جھڑپ کی بابت دیے گئے اشتعال انگیز بیان کو ہندوستان نے آج سرے سے خارج کر دیا اور دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ اس کے لیے صرف چین کا اشتعال انگیز برتاؤ اور ایل اے سی میں تبدیلی کرنے کی یکطرفہ کوشش ذمہ دار تھی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے اس بابت بیان کے حوالے سے میڈیا کے سوالوں پر کہا کہ 'ہم ایسے بیانات خارج کرتے ہیں۔ مشرقی لداخ میں ایل اے سی پر گذشتہ برس کے واقعات کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے۔ یہ محض چینی فریق کا اشتعال انگیز برتاؤ اور تمام دو طرفہ معاہدوں کے برعکس اسٹیٹس کو میں تبدیلی کرنے کی یکطرفہ کوشش کرنے کے سبب امن اور استحکام سنگین طور پر متاثر ہوا ہے۔ اس سے دو طرفہ تعلقات پر بھی اثر پڑا ہے'۔