پٹنہ: ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار آج توانائی و منصوبہ بندی اور ڈیولپمنٹ کے وزیر بجندر پرساد یادو کی خیریت معلوم کر نے اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( آئی جی آئی ایم ایس )پٹنہ پہنچے ۔آئی جی آئی ایم ایس کے اے سی سی یو یونٹ پہنچ کر وزیر اعلیٰ نے بجندر پرساد یادو سے ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں سے علاج کے بارے میں بھی موجودہ معلومات حاصل کی۔Chief Minister Nitish Kumar meets State Minister Bijendra Prasad Yadav
اس دوران نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت تیجسوی پرساد یادو، وزیر خزانہ وجے کمار چودھری، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت مسٹر پرتئے امرت، آئی جی آئی ایم ایس کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر منیش منڈل اور ڈاکٹر کرشنا گوپال سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بجندر پرساد یادو جی کی عیادت کرنے آئے تھے، ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔ کل آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو سے ملاقات کے تعلق سے صحافیوں کے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارا ان کے ساتھ پرانا تعلق ہے۔ ہم لوگ ایک ساتھ ہیں۔ ہمارے پہلے سے تعلقات ہیں۔ بی جے پی کے ذریعہ پھر سے جنگل راج آنے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جس کے جو دل میں آتا ہے بولنے دیجئے، جب ضرورت پڑے گی تو تمام باتیں کریں گے، لوگ تشہیر میں بولتے ہیں، اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ اور تیزی سے کام کیا جائے گا، فکر نہ کریں۔ وزیر قانون کارتک کمار پر لگائے گئے الزامات پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب کچھ دیکھا جا رہا ہے کہ معاملہ کیا ہے۔