رائے پور:ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں شادی کے دو دن بعد، دلہا دلہن ایک کمرے میں مشتبہ حالت میں مردہ پائے گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ دلہا دلہن شادی ریسپشن سے قبل کمرے میں کپڑے تبدیل کرنے و تیاری کرنے گئے تھے۔ پولیس نے متوفی کی شناخت اسلم (24) ساکن سنتوش نگر، نئی بستی اور دلہن کہکشاں (22) ساکنہ راجہ تلاب کے طور پر کی ہے۔ ان کی شادی 19 فروری کو ہوئی تھی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ان دونوں کے درمیان ہوئی بحث کے بعد دونوں کا قتل ہوا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ منگل کی شام کو دلہا دلہن ریسپشن کے لیے تیار ہونے ایک کمرے میں گئے تھے۔ کافی وقت گزرنے جانے کے بعد دونوں ریسپشن میں نہیں آئے جس کے بعد ان کے گھر والوں نے دونوں کی تلاش شروع کردی، جب ان کے کچھ رشتہ دار کمرے کے پاس گئے تو دروازہ اندر سے بند تھا۔ انہوں نے دلہا دلہن کو آواز دی لیکن انہیں اندر سے کوئی جواب نہیں ملا تب وہ کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوتے تو دیکھا کہ دونوں خون میں لت پت پڑے تھے۔ جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی موقعے پر پہنچی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرانزک ٹیمیں طلب کیں۔ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کیا۔ وہیں پولیس نے بتایا کہ لاشیں بدھ کو لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔