چنئی: بھارت کی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کے چیئرمین ایس سومناتھ نے کہا ہے کہ ملک کے تیسرے چاند مشن چندریان 3 کی سافٹ لینڈنگ مقررہ وقت کے مطابق آج شام 6.04 بجے ہوگی اور اس میں کوئی تاخیر یا کوئی متبادل منصوبہ نہیں ہے. آج پوری دنیا کی نظریں بھارت کی طرف ہیں اور یہ ملک خلا کے شعبے میں تاریخ رقم کرنے کی دہلیز پر کھڑا ہے۔ اسرو کے سربراہ چندریان 3 کی کامیابی کے سلسلے میں کافی پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مشن سے سبق لیتے ہوئے اس بار ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی گئی ہے۔ سائنسدانوں کی ٹیم نے بیک اپ پلان بھی تیار کیا ہے۔
ڈاکٹر سومناتھ نے کہا کہ اسرو کی پوری توجہ بدھ کی شام 6.04 بجے چاند کے جنوبی قطب پر چندریان 3 کی سافٹ لینڈنگ سے پہلے اپنے لینڈر ماڈیول (ایل ایم) کو اتارنے پر مرکوز رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ "ہم کسی بھی طرح کے ملتوی ہونے یا پلان بی پر غور نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ پہلے منصوبہ بندی کی گئی تھی ، بدھ کی شام کو مقررہ وقت پر لینڈنگ کی جائے گی۔ ڈاکٹر سومناتھ ان رپورٹس پر ردعمل دے رہے تھے کہ اگر لینڈر سسٹم میں کوئی مسئلہ پیش آتا ہے تو لینڈنگ 27 اگست تک ملتوی کر دی جائے گی۔