چنڈی گڑھ: ریاست ہریانہ کے دارالحکومت چندی گڑھ میں پولیس نے ریاستی وزیر کھیل سندیپ سنگھ کے خلاف مختلف مجرمانہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ چندی گڑھ پولیس نے قومی ایتھلیٹ اور جونیئر خواتین کوچ کی شکایت پر وزیر کھیل سندیپ سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ آئی پی سی کی دفعہ 354، 354 اے، 354 بی، 342 اور 506 کے تحت چندی گڑھ سیکٹر 26 پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ہریانہ میں تعینات قومی کھلاڑی اور جونیئر کوچ نے ہریانہ کے وزیر کھیل سندیپ سنگھ پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ کھلاڑی کا الزام ہے کہ وزیر کھیل سندیپ سنگھ نے انہیں اپنی رہائش گاہ پر بلایا اور ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ متاثرہ کا الزام ہے کہ وزیر کھیل سندیپ سنگھ نے انسٹاگرام کے ذریعے ان سے رابطہ کیا تھا۔ Case Registered Against Sports Minister
قومی کھلاڑی کا کہنا ہے کہ کھیل کے وزیر سندیپ سنگھ نے مجھ سے کہا کہ میری بات ماننے پر تمام سہولیات اور پوسٹنگ مطلوبہ جگہ پر مل جائے گی۔ جب میں نے وزیر سندیپ سنگھ کی بات نہیں سنی تو اس کے بعد میرا تبادلہ کر دیا گیا اور یہاں تک کہ میری ٹریننگ بھی روک دی گئی۔ میں نے ہر سطح پر اس واقعے کی شکایت ڈی جی پی آفس، سی ایم ہاؤس اور وزیر داخلہ انل وج سے کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ قومی کھلاڑی نے الزام لگایا کہ ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے مجھ سے بات کی، لیکن انہوں نے ایک ایسا سافٹ ویئر استعمال کیا جس پر چیٹ ریکارڈ نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ہی حرکتیں کئی دیگر خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کی گئی ہیں لیکن وہ سامنے نہیں آئیں۔