نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (افسپا) 1958 کے تحت آسام، ناگالینڈ اور منی پور میں متاثرہ علاقوں کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ شمال مشرق (شمال مشرقی) خطہ تیزی سے امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ شمال مشرقی علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال میں کافی بہتری کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا’’شمال مشرق کے لیے ایک تاریخی دن، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت ہند نے ایک بار پھر ناگالینڈ، آسام اور منی پور کے متاثرہ علاقوں کو افسپا کے تحت کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ شمال مشرقی ہندوستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں کافی بہتری کی وجہ سے لیا گیا ہے۔'
مرکزی وزیر داخلہ نے شمال مشرقی خطے کو ترجیح دینے کے لیے وزیر اعظم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا،’’ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار، وزیر اعظم نریندر مودی نے شمال مشرق میں سلامتی، امن اور ترقی کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں آج یہ خطہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ حکمراں بی جے پی مرکز کی سابقہ متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت پر شمال مشرقی خطہ کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتی رہی ہے۔ امت شاہ نے شمال مشرق کے لوگوں کی زندگیوں میں 'مثبت تبدیلی' لانے اور خطے کو باقی ہندوستان کے دلوں سے جوڑنے کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے شمال مشرق کے تین ریاستوں کے لوگوں کو بھی مبارکباد دی۔