نئی دہلی: مرکزی حکومت نے بارڈر سیکورٹی فورس کی اسامیوں میں سابق اگنی ویروں کے لیے 10 فیصد ریزرویشن کا اعلان کیا ہے۔ نیز عمر کی حد کے اصولوں میں نرمی کی گئی ہے جو اس بات پر منحصر ہوگا کہ آیا وہ اگنی ویر کے پہلے بیچ کا حصہ ہیں یا بعد کے بیچوں کا۔ مرکزی وزارت داخلہ نے یہ اعلان ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا ہے۔ اسے نافذ کرنے کے لیے مرکزی وزارت داخلہ نے بارڈر سیکورٹی فورس، جنرل ڈیوٹی کیڈر کی بھرتی کے قواعد 2015 میں ترمیم کی ہے، جو جمعرات 9 مارچ سے نافذ ہو گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کانسٹیبل کے عہدے کے لیے اگنی ویر کے پہلے بیچ کے امیدواروں کو عمر کی حد میں 5 برس کی چھوٹ دی جائے گی، جب کہ اس کے بعد کے تمام بیچوں کے امیدواروں کو رعایت دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق BSF میں بھرتی کے لیے درخواست دینے والے سابق اگنی ویروں کو 'فزیکل ایفیشنسی ٹیسٹ' سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق مرکز چار برس کی مدت پوری کرنے کے بعد زیادہ سے زیادہ 'اگنی ویرز' کو باقاعدہ بنانے کے لیے کئی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت مرکزی وزارت داخلہ نے تقریباً تمام مرکزی مسلح افواج جیسے سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، آسام رائفلز، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی، بی ایس ایف میں سابق اگنی ویر کے لیے 10 فیصد ریزرویشن کا اعلان کیا ہے۔ وزارت دفاع نے مسلح افواج کے علاوہ اپنے دیگر محکموں میں سابق اگنی ویروں کے لیے ریزرویشن کا بھی اعلان کیا ہے۔