نئی دہلی: حکومت نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل اتوار کو آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 18 سے 22 ستمبر تک ہوگا اور اس دوران پانچ اجلاس ہوں گے۔ وزارت پارلیمانی امور نے بدھ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور نے پیر سے شروع ہونے والے خصوصی اجلاس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس بلایا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے مطالبے کے باوجود حکومت نے ابھی تک خصوصی اجلاس کا کوئی ایجنڈا جاری نہیں کیا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر خصوصی اجلاس کے ایجنڈے کو عام کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اپوزیشن کی جانب سے انہوں نے مہنگائی، بے روزگاری، کسان، ہنڈن برگ رپورٹ، خواتین پر مظالم جیسے مسائل کی فہرست بھیجی تھی اور کہا تھا کہ اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ میں ان مسائل پر بحث کرنا چاہتی ہیں۔