ناگرجناساگر اسمبلی حلقہ کے دورہ کے موقع پر ہالیہ علاقہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے اعلان کیا کہ ضلع نلگنڈہ میں 15 لفٹ ایریگشن اسکیم منظور کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ڈیڑھ سال میں مکمل ہو جائیں گے۔ وہ آنے والے دنوں میں کرشنا کے پانی سے استفادہ کے مسئلہ پر کسی بھی قسم کی پریشانی کو روکنے کے اقدامات کریں گے۔
وزیراعلی نے ناگرجناساگراسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انھیں کورونا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے حلقہ کا دورہ کرنے میں انھیں تاخیر ہوئی ہے۔ وزیراعلی نے اعلان کیا ہے کہ ناگرجناساگر حلقہ کی ترقی کے لیے 150 کروڑ روپے منظور کیے جائیں گے۔
ہالیہ اور نندی کونڈا بلدیات کی ترقی کے لیے فی کس 15 کروڑ روپے مختص کیے جارہے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے ہالیہ میں ایک ڈگری کالج اور ایک منی اسٹیڈیم منظور کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر چندرشیکھرراو نے کہا کہ ہر حال میں دلت بندھو اسکیم پر عمل ہوکررہے گا۔'ہم ریاست میں ایسے پروگرام شروع کر رہے ہیں جن پر ملک میں کہیں عمل نہیں ہوتاہے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ نندی کونڈہ میونسپل کوارٹرز اور آبپاشی کی زمینوں میں رہنے والوں کی زمینوں کو باقاعدہ بنایا جائے گا۔ ہم مستحقین میں ایک مہینے کے اندر پٹہ جات حوالے کریں گے۔ناگرجناساگر حلقہ میں بڑے پیمانے پر بنجارہ طبقہ کے افراد رہتے ہیں۔ ہم ان کے لیے بنجارہ بھون بنائیں گے۔'